Nov ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن حکومت بنانے کی جانب گامزن

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے بعد نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن حکومت بنانے کی جانب گامزن ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کابینہ ارکان کی نامزدگی کردی تاہم اس کا باقاعدہ اعلان کانگریس کی منظوری کے بعد کیا جائےگا۔

جوبائیڈن کے مشیر انٹونی بلینکن کو وزیر خارجہ ، الیجنڈرو میورکاس کو سیکریٹری ہوم لینڈ سکیورٹی، جیک سولیوان کو مشیر قومی سلامتی ، سابق وزیر خارجہ جان کیری کو ماحولیاتی تبدیلی کا سفیر، جب کہ اقوام متحدہ میں سفیر کے لیے لنڈا ٹامس گرین لینڈ کے نام لیے جا رہے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے مرکزی بینک کی سابق سربراہ جینٹ یلن جب کہ وزیر جنگ کے لیے مشیل فلورنوی مضبوط امیدوار ہیں۔ اٹارنی جنرل کے لیے سیلی یاٹس، وزیر توانائی کے لیے الزبتھ شیروڈ رانڈل کے نام لیے جا رہے ہیں، چیف آف سٹاف کے لیے رون کلین متوقع نام ہیں۔

ادھر اورل ہینز کو ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزدکیا گیاہے ۔ ذرائع کے مطابق نامزدگیوں کا باقاعدہ اعلان جمعرات کو کیاجائے گا۔ ان نامزدگیوں کی ابھی کانگریس سے منظوری باقی ہے ۔

ٹیگس