رہبر انقلاب کے نقطہ نگاہ سے،سپاہ پاسداران سے امریکی بغض و کینے کی وجوہات
امریکہ اور نادان دشمنوں نے چالیس برسوں سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف تا حد ممکن کوششیں انجام دی ہیں لیکن وہ ایران کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکے ہیں اور آج علاقے، بلکہ دنیا میں انقلاب اور اسلامی نظام فروغ پا چکا ہے-
سیدا لشہداء حضرت امام حسین اور یوم پاسدار کی مناسبت سے، منگل کے روز پاسداران انقلاب فورسز کے بعض کمانڈروں اور افسروں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی- آپ نے اس ملاقات میں فرمایا کہ سپاہ کے ساتھ امریکیوں کی دشمنی کی اصلی وجہ ملک اور انقلاب کے دفاع میں اس کا پیشقدم ہونا اور ملکی دفاع اور ترقی میں مثالی کردار ہونا ہے- آپ نے مزید فرمایا کہ امریکہ اور دیگر جاہل دشمنوں نے گزشتہ چالیس برسوں سے جو جی میں آیا ایران اور اسلامی انقلاب نظام کے خلاف کیا مگر وہ اپنی تمام سازشوں میں ناکام رہے اور آج دنیا بھر میں ایران اور اسلامی انقلاب کا پرچم بلند ہے- قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا کہ پاسداران انقلاب ملک کا ایک منظم اور ثابت قدم ادارہ ہے جو دشمنوں کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑا ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، سیاسی محاذ اور دشمن کے خلاف میدان میں پیشقدم ہے جبکہ وہ ملک کے اندر سے لے کر ہزاروں کلومیٹر دور سرحد پار بارگاہ مقدس بی بی زینب (س) کے اطراف میں بھی دشمنوں کے خلاف لڑرہی ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے سپاہ سے امریکی بغض و کینے کی وجہ یہی مسئلہ قرارد یا اور فرمایا کہ امریکی اپنے زعم ناقص میں سپاہ کے خلاف اور درحقیقت انقلاب اور ایران کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور اپنا کینہ نکال رہے ہیں البتہ یہ ان کی خباثتیں کبھی نتیجہ ثابت ہوئی ہیں نہ آئندہ ہوں گی اور وہ خود اپنے مکر و فریب کے جال میں پھنس جائیں گے - ٹرمپ اور ان کے ارد گرد جمع احمق افراد جو اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمن ہیں، خود کو پستی اور ذلت کے گڑھے کی طرف لے جا رہے ہیں-
انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام کے روز افزوں قوت و اقتدار کے چالیس سالہ تجربے نے ثابت کر دیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور بسیج یا رضاکار فورسز، ایرانی قوم کی سلامتی و پیشرفت اور امن و استحکام کی برقراری کے لحاظ سے ایک دائمی اور گرانقدر سرمایہ ہیں- سپاہ پاسداران کی منفرد خصوصیات اور اس کے درخشاں اور فخریہ کارناموں نے، دشمنوں اور دہشت گردوں کے حامیوں کو سیخ پا کردیا ہے- سپاہ پاسداران ، تمام سخت و دشوار اور بحرانی حالات میں کہ جب بھی اور جہاں بھی مشارکت اور تعاون کی ضرورت پڑی موجود رہی ہے، چاہے وہ ایران کے خلاف عراق کی آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کا دور ہو یا دہشت گردوں سے مقابلہ آرائی کا، جہاں بھی امن و سلامتی کو درھم برھم کرنے والے عناصر سے مقابلے کی ضرورت ہوئی اور سخت دنوں میں مثال کے طور پر زلزلے اور سیلاب میں عوام کو مدد فراہم کرنا ہوا وہاں پر مدد کی اور اپنی افادیت کو ثابت کیا ہے- آج بھی یہ متحرک تنظیم دیگر ملکوں میں انقلابی تحریکوں کے آئیڈیل میں تبدیل ہوچکی ہے- اس کی ایک موثر اور کامیاب مثال داعش اور دہشت گردی سے مقابلے کے لئے عراق میں عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کی تشکیل ہے- اسلامی جمہوریہ ایران اس وقت ، مغرب کے سیاہ کارناموں اور ایرانو فوبیا جیسے اقدامات کے باوجود علاقے کی قوموں کے درمیان اسلامی بیداری کے اہم مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے اور اسی حقیقت نے دشمن کو آگ بگولہ کردیا ہے- یہی سبب ہے کہ وائٹ ہاؤس کے حکام اپنے کالے کرتوتوں کے ذریعے سپاہ پاسداران انقلاب کے کردار کے بارے میں خدشے پیدا کرکے ایران کی بدنما تصویر پیش کرنا چاہتے ہیں-
روس کے جیوپولیٹیکل مرکز کے سربراہ لئونیڈ ایواشف اس بارے میں کہتے ہیں کہ امریکہ کا یہ اقدام ایران مخالف منصوبوں کے دائرے میں انجام پا رہا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ ایک اسرائیلی پٹھو کی مانند اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں اور تہران کے خلاف اسرائیلی منصوبوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ 40 سال سے ایران کے خلاف سازشیں جاری ہیں جبکہ اسی مدت میں ایران ترقی کا سفر کرتا رہا اور یہ ایرانی قوم کے سامنے امریکی عزائم کی ناکامی ہے.انہوں نے مزید فرمایا کہ دشمنوں نے ہماری قوم کے خلاف سیاسی اور معاشی دباؤ کے علاوہ تمام حربے استعمال کئے مگر انھیں کچھ نہ ملا جبکہ وہ انقلاب کی شروعات سے ہمارے سامنے بے بس رہے- رہبر اسلامی انقلاب نے فرمایا کہ دشمنوں کو یہ بات اچھی طرح پتہ ہے کہ آج خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی عزت، طاقت اور بالادستی ایٹم بم سے نہیں- کیونکہ ہم نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار ہمارے دینی عقائد کے خلاف ہیں لہذا ایران کی عزت و طاقت ، اس کی مزاحمت، قربانی اور عوام کی سیاسی بصیرت ہے-
انہوں نے فرمایا کہ قطعی طور پر اسلامی انقلاب کی ترقی کا سفر جاری رہے گا جس کے لئے تمام اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی ناگزیر ہے- عوام، حکومت، مسلح افواج، پاسداران فورسز اور ملک کے نوجوان انبیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اور بانی انقلاب کے احکامات کے مطابق اپنے اپنے فرائض سرانجام دیں گے- یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ رات ایران کے خلاف دشمن پالیسی کے تسلسل میں پاسداران انقلاب اسلامی فورسز کو دہشتگرد تنظیم کی فہرست میں ڈال دیا- اس کے جواب میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل نے بھی امریکہ کو دہشتگرد کا حامی قرار دیتے ہوئے امریکی سینٹ کام فورس کو دہشتگرد گروہ میں شامل کردیا-