بی جے پی اور اس کی ہمنوا جماعتوں کی ، بابری مسجد کے مسئلے کو ایک بار پھرھوا دینے کی کوشش
ہندوستان کی کئی ریاستوں خاص طور پر اترپردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتاپارٹی اور اس کی ہمنوا جماعتوں نے بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر تعمیر کرنے کا معاملہ ایک بار پھر اٹھانا شروع کر دیا ہے
ہندوستان کے مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کلراج مشرا نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت ہوئی تو حکومت، پارلیمنٹ سے قانون پاس کراکے رام مندر کی تعمیر کا راستہ صاف کرے گی - البتہ کلراج مشرا نے یہ بھی کہا کہ فی الحال یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی حکومت اس سلسلے میں کوئی قدم اٹھائے گی - کلراج مشرا نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب سخت گیر ہندوتنظیم وی ایچ پی نے ابھی حال ہی میں مودی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے جلد فیصلہ کرے - ہندوستان میں صحافتی اور سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ برس ریاست اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ہی بی جے پی لیڈروں اور مودی حکومت کے وزیروں نے رام مندر کے معاملے پر بیان بازی شروع کر دی ہے -