Feb ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وزیراعلی سیلوم کا استعفی

وی کے ششی کلا کے آل انڈیا انا دراوڑ منیتر كژگم (اے آئی ڈی ایم کے) کی قانون ساز پارٹی کی لیڈر منتخب ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی وزیراعلی پنيرسیلوم نے اپنا استعفی تمل ناڈو کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کو بھیج دیا۔

پنيرسیلوم نے گورنر کو بھیجے گئے استعفی کی نقل میڈیا میں جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلی کے عہدے سے استعفی ذاتی وجوہات کی بنا پر دے رہے ہیں۔

پنيرسیلوم نے گورنر کو چار سطور میں لکھے اپنے خط میں درخواست کی کہ ان کا استعفی منظور کیا جائے اور چھ دسمبر 2016 کو سونپی گئی وزیر اعلی کی ذمہ داری سے سبکدوش کیا جائے۔

واضح رہے کہ کل اتوار کوانا ڈی ایم کے کے ممبران پارلیمنٹ کی ہوئی میٹنگ میں ششی کلا کو پارٹی اراکین کی لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ اس کے بعد اے پنيرسیلوم نے گورنر سی ودیا راؤ کو اپنا استعفی سونپ دیا ۔ ذرائع کے مطابق ششی کلا 8 یا 9 فروری کو سی ایم عہدے کا حلف لے سکتی ہیں۔

گزشتہ سال پانچ دسمبر کو وزیراعلی جے للیتا کے انتقال کے بعد ششی کلا کو پارٹی کا جنرل سکریٹری بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے ایسا بہت حد تک مانا جا چکا تھا کہ آنے والے وقت میں وہ ہی وزیراعلی کا عہدہ سنبھالیں گی۔

پارٹی کے کئی لیڈر ششی کلا کو وزیراعلی بنائے جانے کی حمایت میں تھے۔

تاہم پارٹی کے ایک دھڑے کا دعوی ہے کہ اجلاس کا یہی ایجنڈا تھا اور وہیں کچھ ارکان نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس حکومت اور پارٹی کے درمیان ہم آہنگی قائم کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔

ہفتہ کو ششی کلا نے سینئر رہنماؤں کو پارٹی کے اہم عہدوں پر مقرر کیا تھا، جن میں کچھ سابق وزیر اور ایک سابق میئر بھی شامل تھے۔

 

ٹیگس