Mar ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
  • کشمیر میں دوافراد کی ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اتوار کو دوعسکریت ہلاک ہو گئے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر ضلع پلوامہ کے پدگام پورہ میں عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد شہباز شفیع وانی اور فاروق احمد حرا ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونوں نوجوان پولیس اسٹیشن پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ ان افراد کی ہلاکتوں کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ پلواما کے علاقے بیلو میں سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اس دوران ہندوستانی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ 

دوسری جانب پولیس اور پیراملٹری فورسز نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سری نگر، پلواما، شوپیاں اور کلگام سے تقریبا 120 نوجوانوں کو حراست میں لیتے ہوئے پلواما پولیس اسٹیشن میں بند کردیا۔ ادھرحریت کانفرنس نے نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی گرفتاریاں اور خوفزدہ ماحول پیدا کرنے سے کشمیرکی تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا۔

خیال رہے کہ 8 جولائی 2016 کو کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیرمیں حالات کشیدہ ہو گئے۔ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے اب تک 130 سے زائد کشمیری جاں بحق اور ہزاروں زخمی اور گرفتار ہوچکے ہیں۔

ٹیگس