ہندوستان کے بلند شہر میں حالات کشیدہ دفعہ 144 نافذ
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے علاقے بلند شہر میں گائے کی باقیات کے خلاف پرتشدد مظاہروں اور جھڑپوں میں پولیس انسپکٹر سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے علاقے بلند شہر میں پرتشدد مظاہروں اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں پولیس انسپکٹر سمیت 2 افراد ہلاک اور 10 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ مشتعل انتہا پسندوں کی جانب سے پولیس وین اور نجی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ ذرائع کے مطابق کچھ انتہا پسند ہندووں نے کھیت میں گائے کی بغیر سر کے لاش ملنے پر اسے ٹریکٹر میں لاد کر چنگراوتی پولیس تھانے پہنچایا تھا۔ان افراد کا دعویٰ تھا کہ گائے کو ذبح کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپ شروع ہوگئی۔ حملہ آوروں نے پولیس پوسٹ اور متعدد گاڑیوں کو بھی نذرآتش کردیا۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارچ کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔
واقعے کی تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کل اتر پردیش کے علاقہ بلند شہر میں بعض دائیں بازو کے گروپوں کے ساتھ مقامی افراد نے گائے ذبح ہونے پر چنگراوتی پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جس کے بعد بلند شہر کی فضا تناؤ کا شکار ہے۔