صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بات چیت ضروری: ہندوستان
ہندوستان نے پڑوسی ممالک کے ساتھ پُر امن ماحول میں مذاکرات کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کی طرف سے رہا کئے گئے فضائیہ کمانڈر ابھینندن کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستان کی مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے کہا کہ ہندوستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کاحامی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہو یا بنگلہ دیش یا چین ہو سبھی ممالک کو ہندوستان کی خودمختاری کا احساس کرکے ہی بات چیت کیلئے ماحول سازگار کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان پڑوسی ممالک بشمول بنگلہ دیش اور پاکستان تعلقات کا نیا دور شروع کرنا چاہتا ہے جس میں امن کیلئے کوششیں کی جاسکتی ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات اور تشدد ایک ساتھ چل نہیں سکتے اور نہ ہی مذاکرات تشدد آمیز ماحول میں کئے جاسکتے ہیں ۔
مرکزی وزیردفاع نے کہا کہ ہندوستان ایسے کاموں میں سنجیدہ ہے کہ مسائل کو ایڈریس کیا جائے کیونکہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ امن مذاکرات کو جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں اورہمسایہ ممالک سے بھی مثبت ردعمل ملنا لازمی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ بھی ایک نئے دور کا آغاز چاہتا ہے اس لیے دونوں ممالک کو نہایت ہی نیک نیتی اور سنجیدگی سے قدم اٹھانے ہوںگے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پہلے بات چیت کے راستے کو ہی اپنایا جائے تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔