ہندوستان اور روس کے مابین جوہری آبدوز کا معاہدہ
ہندوستان نےروس سے لیز پر تین بلین ڈالرز میں جوہری آبدوز لینے کا معاہدہ کرلیاہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ہندوستان اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی مالیت تین بلین ڈالرز سے زائد ہے۔ معاہدے کے تحت جوہری آبدوز آئندہ دس سال تک ہندوستان کے پاس رہے گی۔
روس سے دس سال کے لیے لی جانے والی یہ ہندوستان کی تیسری آبدوز ہے جو جوہری ہتھیاروں سے لیس ہوگی۔
ہندوستان نے پہلی آبدوز 1988 میں تین سال کے لیے جب کہ دوسری آبدوز 2012 میں دس سال کے لیے لی تھی۔
روس ہندوستان کو جنگی اسلحہ اور ساز و سامان فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ گزشتہ سال ہندوستان کے دورے پر آئے روسی صدرولادی میرپیوٹن اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کے درمیان میزائل ٹیکنالوجی ایس-400 کے لیے معاہدہ طے پایا تھا۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق طے پانے والے معاہدے کے تحت روس، ہندوستان کو تیسری جوہری ٹیکنالوجی سے لیس آبدوز 2025 میں فراہم کرے گا۔