ہندوستانی وزیراعظم مستعفی
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ ہندوستان کے صدر سے ملاقات کی اور اپنے عہدے کا استعفیٰ پیش کیا جبکہ کابینہ اراکین نے بھی اپنے استعفیٰ صدر کو پیش کیے۔
ہندوستانی صدر کی جانب سے کابینہ اراکین کے استعفے قبول کر لیے گئے تاہم نریندر مودی سے اپنے عہدے پر کام کرنے کی درخواست کی گئی جو انہوں نے قبول کر لی۔
ذرائع کے مطابق نریندر مودی 30 مئی کو دوبارہ ہندوستان کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ہندوستان میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاْصل کی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی نے 542 میں سے 303 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس مجموعی طور پر 353 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔
ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوئے تھے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے اور 23 مئی کو نتائج کا اعلان ہوا۔