کشمیر کی صورتحال کی وجہ سے چین کے وزیر خارجہ کا دورہ ہندوستان منسوخ
چین کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہندوستان کا سرکاری دورہ منسوخ کردیا ۔
پاکستانی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کو ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے ملاقات کے لیے نئی دلی جانا تھا تاہم انہوں نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر احتجاجاً اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔
وزیر خارجہ وانگ یی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول چین اور ہندوستان کی سرحدی تنازع کے حل کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے خصوصی نمائندے بھی ہیں اور یہ دورہ بھی سرحدی تنازعات کے لیے ایک اجلاس میں شرکت کے لیے تھا۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ ہفتے کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ 5 اگست کوکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور دو حصوں پر تقسیم کےفیصلے پر چین نے ہندوستان سے اپنے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔