وزیراعظم اور وزیر داخلہ ملک کو تقسیم کرنے کے درپے: کانگریس
راہل گاندھی نے دعوی کیا کہ مودی۔ شاہ نفرت کی سیاست کرکے ملک کو تقسیم کرنے کا کام کر رہے ہیں۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نفرت پھیلا کر اور ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کرکے لوگوں کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کانگریس ان تقسیم کرنے والی پالیسیوں کی مضبوطی سے مقابلہ کرے گی اور ملک کی آواز کو دبنے نہیں دے گی۔
راہل گاندھی نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پیر کو یہاں مہاتما گاندھی کی سمادھی ، راج گھاٹ پر پانچ گھنٹے چلے ’ستیہ گرہ کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہا کہ مودی۔ شاہ نفرت کی سیاست کرکے ملک کو تقسیم کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ طالبعلموں ، نوجوانوں، کاروباری شخصیات سب کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ کانگریس اس ملک کے سبھی طبقات کی آواز اور ہندوستان کی روح ہے۔ وہ کسی کی آواز دبنے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو معیشت کو پٹری پر لانے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا نہیں آتا لیکن ہندوستان کو کس طرح کمزور کیا جانا ہے یہ کام انہیں بخوبی آتا ہے۔