Dec ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • بھائی کو بھائی سے لڑانے سے ملک کو نقصان ہوگا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے شہریت ترمیمی قانون کے ساتھ ہی این پی آر کے سلسلے میں اٹھے تنازع کے درمیان مودی حکومت کا نام لئے بغیر اس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بھائی سے بھائی کو لڑانے سے کبھی ملک کا فائدہ نہیں ہوسکتا۔

ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کل چھتیس گڑھ حکومت کے ذریعہ منعقد تین روزہ قومی قبائلی رقص فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ بغیر سبھی مذاہب،ذات ،قبائلیوں،دلتوں ،پسماندہ طبقوں کو ساتھ لئے ملک اور معیشت کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں سبھی کی آواز سنے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو دل چاہے کرو لیکن وہاں ایک دو شخص کی نہیں بلکہ سبھی کی آواز سنو۔انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات آج کیا ہیں،سبھی کو پتہ ہے کہ کسان پریشان ہیں ،بےروزگاری بلندی پر ہے اور معیشت کی حالت بہتر ہی خراب ہے۔

 دوسری جانب کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھارتیہ جنتاپارٹی پر وعدہ پورا نہ کرنےکا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کو گمراہ کرکے مرحلہ وار طریقہ سے اداروں کو برباد کرنے میں مصروف ہے محترمہ واڈرا نے جمعہ کو ٹویٹ کرکے کہاکہ بی جے پی حکومت منظم طریقہ سے کام کرتی ہے اور ملک کے آئین کوتباہ کرتی ہے ملک کے عوام کوگمراہ کرتی ہے ۔انھوں نے کہاکہ اس بار ملک کے نوجوان میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں وہ اپنے حقوق کے معاملہ میں پیچھے نہیں ہٹنے والے ۔

 

ٹیگس