ہندوستان پاکستان میں امریکی دہشتگردی کے خلاف مظاہرے
ہندوستان اور پاکستان کے مختلف شہروں میں امریکہ اور اسرائیل مخالف مظاہروں میں عالم اسلام کے عظیم جرنیل، جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیے جانے کی مذمت کی جارہی ہے۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی اور لکھنئو سمیت مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں شریک لوگ سپاہ قدس کے کمانڈ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیے جانے کے امریکی اقدام کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے-
مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے اور ملت ایران کے ساتھ اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کیا۔
ادھر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں بھی امریکہ مخالف مظاہرے کیے گئے جن میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں امریکی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی اور حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کی تصاویر کے حامل بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین حکومت پاکستان سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ خطے کی صورتحال پر محض تشویش کا اظہار کرنے کے بجائے امریکی دہشت گردی کی کھل کر مذمت کرے۔