ہندوستان جنرل سلیمانی کی شہادت کے بعد کشیدگی پرفکرمند : ایس جے شنکر
اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے وزراء خارجہ نے ٹیلی فونی گفتگو کی۔
ہندوستان کےوزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کے روز ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تعلق سے ہندوستان بے حد فکرمند ہے۔
جے شنکر نے ٹویٹ کیا کہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات چیت ختم ہوئی اور عالمی حالات کافی سنگین ہوچکے ہیں اور بڑھتی کشیدگی کے تعلق سے ہندوستان کافی فکرمند ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے رابطے میں رہنے کا وعدہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کی رات عراق کے دارالحکومت بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکہ کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومهدی المهندس اور ان کے کئی ساتھی شہید ہوگئے۔ جس کے بعد ایران نے انتقام لینے کا اعلان کیا۔