Feb ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • شاہین باغ دھرنے کے خلاف اپیلوں پر سماعت پیر تک کے لئے ملتوی

ہندوستانی سپریم کورٹ نے دہلی کے شاہین باغ دھرنے کے خلاف اپیلوں پر سماعت پیر تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔

ہندوستانی خبررساں ادارے ، یو این آئی کے مطابق جمعے کو جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے جمعے کو شاہین باغ دھرنے کے خلاف ، بھارتی جنتا پارٹی کے سابق رکن اسمبلی نند کشور گرگ اور امت ساہنی کی اپیلوں پر سماعت یہ کہتے ہوئے پیر تک ملتودی کردی کہ اس دن ان اپیلوں پر زیادہ بہتر طریقے سے سماعت ہوسکے گی ۔مسٹر گرگ کے وکیل نے بینچ کے سامنے اپنی دلیل میں کہا کہ دہلی میں سنیچر کو اسمبلی انتخابات میں پولنگ ہوگی ، اس پر جسٹس کول نے کہا کہ اسی لئے سماعت پیر تک کے لئے ملتوی کی جاتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں جاری خواتین کے دھرنے کے خلاف اپیلوں میں کہا گیا ہے کہ اس دھرنے کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اس لئے اس کو ختم کرایا جائے۔یاد رہے کہ دہلی کے شاہین باغ میں سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف خواتین کا احتجاجی دھرنا تقریبا دو مہینے سے جاری ہے۔اس درمیان کئی بار طاقت کا استعمال کرکے دھرنا ختم کرانے کی کوشش کی گئی مگر ناکامی ہوئی۔دھرنے کے مخالف انتہا پسندوں نے دھرنے کے قریب پہنچ ک غیر مہذب اور اشتعال انگیز نعرے لگا کے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی لیکن دھرنے پر بیٹھی خواتین اور منتظمین نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا۔دہلی کے ساتھ ہی ہندوستان کی دیگر ریاستوں اور شہروں میں بھی سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دھرنے ، مظاہرے اور ریلیاں جاری ہیں۔

ٹیگس