مودی، ہماری پریشانیوں کو سمجھیں: ہندوستانی خواتین
Mar ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
دہلی کے شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھی خواتین نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی ان کے درد اور پریشانیوں کو سمجھیں گے۔
نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی یو این آئی نے رپورٹ دی ہے کہ سی اے اے ، ان آر سی اور ان پی آر کے خلاف دو مہینے سے زائد عرصے سے دہلی کے شاہین باغ علاقے میں دھرنے پر بیٹھی خواتین نے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ یوم خواتین کے موقع پر ان کی بات سنیں اور ان کے درد اور پریشانیوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
شاہین باغ دھرنے پر بیٹھی خواتین نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر ان کے مسائل، پریشانیوں اور انہیں در پیش چیلنجوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
شاہین باغ دھرنے پر بیٹھی خواتین نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کی ترقی کے لئے انجام دئے جانے والے اقدامات اور ان کے حقوق نیز انہیں در پیش مسائل کی بات کی جاتی ہے، اس لئے امید ہے کہ اس دن ان کے مسائل اور مطالبات پر بھی توجہ دی جائے گی۔
شاہین باغ کی خواتین نے کہا کہ وہ اور انہیں کی طرح ملک کے دیگر علاقوں میں خواتین ڈھائی ماہ سے زائد عرصے سے سی اے اے، ان آر سی اور ان پی آر کے خلاف دھرنے پر بیٹھی ہیں لیکن آج تک حکومت کا کوئی نمائندہ ان کی بات سننے کے لئے نہیں آیا ہے۔