Mar ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان، بالآخر آٹھ سال کے بعد چار مجرموں کو پھانسی

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں ایک طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے چار مجرموں کو آج تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

سولہ دسمبر دوہزار بارہ کی رات دہلی میں ایک میڈیکل طالبہ کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جسے نربھیا کا نام دیا گیا تھا ۔

جنسی تشدد کے مجرموں کو نچلی عدالت نے نو مہینے میں ہی پھانسی کی سزا سنا دی تھی لیکن قانونی داؤں پیچ سے مجرمین اتنے برسوں تک پھانسی سے بچتے رہے۔جمعے کو پھانسی کا دن مقرر تھا تاہم اس سے قبل مجرموں نے پندرہ گھنٹوں کے دوران عدالت میں چھے اپیلیں دائر کیں لیکن سب مسترد کردی گئیں جس کے بعد آج صبح ساڑھے پانچ بجے چاروں مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ۔

جنسی تشدد کا شکار ہونے والی میڈیکل کی طالبہ نربھیا کی ماں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ درندوں کو پھانسی دے دی گئی اور وہ اپنی بیٹی کو انصاف ملنے پر خوش ہیں۔

درایں اثنا قومی خواتین کمیشن (این سی ڈبلیو ) کی سربراہ ریکھا شرما نے ملک کو دہلا دینے والے نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے کے چاروں مجرموں کو جمعے کو پھانسی کی سزا دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سزا اور پہلے دی جانی چاہئے تھی ۔

ٹیگس