ہندوستان میں کورونا کیسز کی تعداد ساڑے چار ہزار سے زیادہ
Apr ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۱ Asia/Tehran
ہندوستان میں بھی سخت ترین ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس سے متاثرین اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔
ہندوستان کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق پیر کی شام تک مختلف ریاستوں میں چھے سو ترانوے نئے معاملات سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد چار ہزار پانچ سو ترپن تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس سے مزید نو اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک سو اٹھارہ ہو گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس سے تین سو اٹھائیس افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد چھو سو نوے جبکہ ہلاکتیں پینتالیس سے تجاوز کر گئی ہیں۔
دوسرے نمبر پر تمل ناڈو ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی تعداد پانچ سو اکہتر، اور تیسرا نمبر دہلی کا ہے جہاں اس وائرس میں مبتلا افراد کی پانچ سو تین بتائی گئی ہے ۔
دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر اتوار کی رات نو بجے نو منٹ تک لوگوں نے گھروں کی لائٹیں بند کر کے ، دیئے اور شمعیں روشن کیں ۔ بعض جگہوں پر کچھ لوگ ہاتھوں میں مشعلیں لیکر گھروں سے نکل پڑے اور بعض مقامات پر پٹاخے بھی داغے گئے ۔ کچھ جگہوں پر آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔