Jun ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور چین کے مابین سرحدی تنازع

ہندوستان اور چین کے مابین سرحدی تنازعے کے موضوع پر گفتگو ہوئی ہے۔

ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستان اور چین کے درمیان لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر پیدا شدہ فوجی تعطل کے درمیان، دونوں ممالک کی وزارت خارجہ میں جوائنٹ سیکریٹری سطح کی بات چیت ہوئی جس میں چین کی جانب سے صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے مثبت اشارے ملے ہیں۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری پیوش شریواستو اور چینی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل کوو چیانگاؤ کے مابین، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کے بعد جمعے کی شب ایک بیان جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ ہندوستان اور چین کے درمیان پرامن، مستحکم اور متوازن تعلقات، موجودہ عالمی حالات میں استحکام کے لئے اہم ہیں۔ اس گفتگو کے بعد آج ہفتے کو بھی لداخ میں ہندوستان اور چین کی فوجوں کے مابین لیفٹننٹ جنرل سطح کی میٹنگ ہونی ہے۔

ویڈیو کانفرنسنگ میں دونوں فریقوں نے ہندوستان اور چین کے دو فریقی تعلقات کی تازہ ترین صورتحال اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

خیال رہے کہ ہندوستان اور چین 2003ء سے اب تک بارہا سرحدی اختلافات کے بارے میں مذاکرات کر چکے ہیں تاہم وہ کسی سنجیدہ نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں۔

ٹیگس