Jun ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
  • ملک کی سرحدی چوکی پرکسی کا قبضہ نہیں ہوا: ہندوستانی وزیر اعظم

ہندوستان نے کہا ہے کہ ملک کی کسی بھی سرحدی چوکی پر کسی کا قبضہ نہیں ہوا اور نہ ہی ہندوستانی سرحد میں کوئی داخل ہوا ہے۔

خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہند چین سرحد کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بلائے گئے آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر یقین دہانی کرانے کی کوشش کی کہ ہندوستانی فوج کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہ کہ تینوں فوجیں مل کر مہم چلا سکتی ہیں۔

نریندر مودی نے کہا کہ نہ کوئی ہماری سرحد میں داخل ہوا اور نہ ہی ہماری پوسٹیں کسی اور کے قبضے میں ہیں۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ آج ہمارے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ کوئی ہماری ایک انچ زمین کی طرف بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور ملکی افواج مختلف شعبوں میں بیک وقت مہم چلانے کی بھرپور توانائی رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں عام آدمی پارٹی اور لالو پرساد کی راشٹریہ جنتادل کو مدعو نہیں کیا گیا جس پر ان دونوں جماعتوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

ٹیگس