Jun ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں خطرے کی گھنٹی، ایک دن میں 20 ہزار کورونا میں مبتلا

ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں پولیس کی حراست میں ایک باپ اور اسکے بیٹے کی موت کے بعد ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔

ہندوستانی میڈیا نے آج اتوار کے روز صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے 19 ہزار 906 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار859  ہوگئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 410 افراد کے لقمہ اجل بن  جانے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 95 ہو گئی ہے تاہم اس بیماری سے نجات پانے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 3 لاکھ 9 ہزار 713 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں پولیس کی حراست میں ایک باپ اور اس کے بیٹے کی موت کے بعد ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق تمل ناڈو میں کہ جہاں ابھی کورونا وائرس کی وجہ سے حفاظتی اقدامات جاری ہیں، وہاں 58 سالہ شخص اور ان کے 38 سالہ بیٹے کو پولیس نے مقررہ وقت سے زیادہ دکان کھلی رکھنے پر گرفتار کر لیا تھا۔ باپ بیٹے دونوں کو پولیس نے رات بھر اپنی تحویل میں رکھا جس کے دو دن بعد کچھ گھنٹوں کے وقفے سے دونوں کی موت واقع ہو گئی۔

ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں کے بقول دونوں کو پولیس کی حراست میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ باپ اور بیٹے پر دورانِ حراست مبینہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی تفصیلات جب سامنے آنا شروع ہوئیں تو لوگوں میں غم و غصہ بڑھنے لگا اور انہوں نے پولیس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعض غیر ملکی ذرائع کے مطابق ہندوستان کی غیر سرکاری تنظیموں کے ایک گروہ نے زیر حراست اموات اور تشدد کے بارے میں ایک رپورٹ مرتب کی ہے جس میں صرف 2019 میں 1731 افراد کی پولیس کی حراست میں موت واقع ہوئی۔

ٹیگس