نریندر مودی کی من کی بات، لداخ میں چینی فوج کو کرارا جواب دینے کا دعوی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات پروگرام میں، دعوی کیا ہےکہ ہندوستانی فوجیوں نے لداخ میں چینی فوج کو کرارا جواب دیا ہے۔
ہندوستانی خبررساں ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں، لداخ سیکٹر میں چین کے ساتھ کشیدگی اور کورونا کے بحران سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔انھوں نے لداخ میں چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے تعلق سے کہا کہ ہندوستان دوستی نبھانا بھی جانتا ہے اور آنکھوں میں آنکھ ڈال کے جواب دینا بھی اس کو آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے فوجیوں نے لداخ سیکٹر پر بہادری کا مظاہرہ کیا اور چینی فوج کو سخت جواب دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بات ایسے عالم میں کہی ہے کہ لداخ سیکٹر پر چین کے ساتھ کشیدگی اور پندرہ جون کو تضاد میں بیس ہندوستانی فوجیوں کے مارے جانے پر حزب اختلاف کے رہنماؤں نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے مودی حکومت پر چین سے دبنے کا الزام لگایا ہے۔ نریندر مودی نے من کی بات پروگرام میں کہا کہ عالمی برادری نے کورونا کے بحران میں ہندوستان کے جذبات کو محسوس کیا ہے اور اپنی سالمیت، خود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے اس کی طاقت اور عزائم کو بھی دیکھا ہے۔