Jul ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۱:۲۲ Asia/Tehran
  • توسیع کے لیے نہیں ترقی کے جنگ کا دور ہے: ہندوستانی وزیر اعظم

ہندوستان کے وزیر اعظم نے چین سے ملنے والی مشترکہ سرحد پر ہندوستانی فوجی جوانوں سے خطاب میں جنگ کے بجائے امن کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کو مشرقی لداخ میں ہند چین حقیقی لائن آف کنٹرول کے معائنے کے بعد لیہ سیکٹر کے نمو نامی محاذی علاقے میں ملک کے فوجی جوانوں سے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے اس خطاب میں کہا کہ دنیا میں توسیع پسندی کے لئے جنگ کا زمانہ ختم ہو چکا ہے اور اب ترقی کے لئے جنگ کا دور چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ توسیع پسندی کی جنگ لڑنے والوں کو یا تو ہمیشہ شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے یا واپس لوٹنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے اس دور میں ترقی کے لئے جنگ ہی اہمیت رکھتی ہے۔
نریندر مودی نے فوجی جوانوں کے حوصلے بلند کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا حوصلہ ان پہاڑیوں سے بھی بلند ہے جن پر آپ ملک کے تحفظ کے لئے مامور ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ جو کمزور ہوتے ہیں وہ کبھی بھی قیام امن کی پہل نہیں کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کے لئے کی جانے والی پہل کی بنیادی شرط بہادری ہے۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی، حقیقی کنٹرول لائن پر ہند - چین کشیدگی کے پس منظر میں سرحدی سلامتی کا جائزہ لینے کے لئے جمعے کی صبح لداخ کے سرحدی شہر لیہ پہنچے تھے۔ ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے لیہ کے اس غیر اعلانیہ دورے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے بھی ان کے ساتھ گئے تھے۔ ہندوستان اور چین کے درمیان حقیقی لائن آف کنٹرول پر آرمی، ایئرفورس اور آئی ٹی بی پی نے سرحد کی صورت حال کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بریفنگ دی۔

ٹیگس