Jul ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۵ Asia/Tehran
  • کشمیر، مسلح تصادم میں عسکریت پسند اور ایک فوجی ہلاک

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پلوامہ کے گاسو نامی علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر تلاشی آپریشن شروع کیاگیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گاسو نامی علاقے میں سیکورٹی فورس اور مسلح علیحدگی پسندوں کے درمیان ایک تصادم ہوا جس میں ایک عسکریت پسند اور ایک فوجی کے مارے جانے کی خبر ہے۔ اس تصادم میں جموں و کشمیر پولیس کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔

جموں و کشمیر کے سرکاری ذرائع سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منگل کی صبح پلوامہ کے گاسو نامی علاقے میں مسلح علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس، فوج اور آر پی ایف کے اہلکاروں پر مشتمل ایک دستہ روانہ کیا گیا جس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کی کارروائی شروع کی۔

رپورٹ کے مطابق ایک مشتبہ جگہ پر تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی تو عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک نے اسپتال پہنچ کے دم توڑ دیا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کا تعلق فوج سے اور زخمی کا تعلق پولیس سے بتایا گیا ہے۔اس تصادم میں ایک عسکریت پسند کے بھی مارے جانے کی خبر ہے۔

 

واضح رہے کہ آج مزید ایک عسکریت پسند کے جاں بحق ہونے کے ساتھ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں رواں برس اب تک جاں بحق ہونے والے عسکریت پسندوں کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔

ٹیگس