ہندوستان میں کورونا سے ایک دن میں 836 ہلاک
ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور ایک بار پھر ایک دن میں تقریباً 62 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم اسی عرصہ میں 57 ہزار سے زائد مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے مریضوں کی شفایابی کی شرح تقریبا 75 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے آج پیر کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 61 ہزار 408 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 31 لاکھ 6 ہزار 348 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران 57 ہزار 469 مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 23 لاکھ 38 ہزار 35 ہوگئی ہے۔
تاہم یہ تشویش کی بات ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں مزید 836 اموات کے بعد مجموعی ہلاک شدگان کی تعداد 57 ہزار 542 ہوگئی۔
اس عرصے کے دوران کورونا سے سب سے زیادہ متاثر بدستور ریاست مہاراشٹرا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثر 2 کروڑ 34 لاکھ سے زائد افراد میں سے ایک کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ صحت یاب ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے امریکا کے 58 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور برازیل میں 35 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔