ہندوستان میں کورونا کا پھر ریکارڈ ٹوٹا
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وبا کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کے دوران ملک میں انفیکشن کے 77 ہزار سے زیادہ نئے معاملے درج ہوئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا نےصحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جمعہ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 77 ہزار 266 نئے معاملے درج ہوئے جس کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 33 لاکھ 87 ہزار501 ہوگئی ہے۔ اس دوران 60 ہزار177 مریض صحت مند بھی ہوئے ہیں جس کی وجہ سے کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر25 لاکھ 83 ہزار948 ہوگئی ہے۔
ملک کی صرف 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں اس دوران مریضوں کی تعداد کم ہوئی ہے۔ اس دوران ایک ہزار57 لوگوں کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61 ہزار 529 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی موذی وبا نے دنیا بھر میں مسلسل اپنے خونخوار پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے نہ صرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں نہ صرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے اور ہندوستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پرہے۔