ہندوستان میں کورونا کا قہر، 24 گھنٹے میں 78 ہزار مبتلا
ہندوستان میں لگاتار دوسرے دن بھی کورونا وائرس کے 78 ہزار سے زائد نئے کیسز ہیں۔
ہندوستانی میڈیا نے صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے آج پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78 ہزار512 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر36 لاکھ21 ہزار 245 ہوگئی ہے جبکہ ایک دن میں کورونا سے مزید 971 اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 64 ہزار 469 ہوگئی تاہم ملک میں ایکٹیو کیسزکی شرح 21.59 فیصد، شفایابی کی شرح 76.63 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.78 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں مصدقہ کیسز 61 لاکھ 56 ہزار اور برازیل میں 38 لاکھ 47 ہزار سے زائد ہو گئے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس اب تک 8 لاکھ 48 ہزار سے زائد لوگوں کی جان لے گیا تاہم کورونا وائرس سے متاثرہ 2 کروڑ 53 لاکھ افراد میں سے ایک کروڑ 76 لاکھ سے زائد صحت یاب ہو گئے۔