ہندوستان اور چین کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری
ہندوستان اور چین کے اعلی فوجی عہدیداروں کے درمیان سرحدی تنازعے کے حل کے لئے بدھ کو تیسرے دن بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق گزشتہ ہفتے مشرقی لداخ میں بیگونگ جھیل کے قریب ہند چین مشترکہ سرحد پر پیش آنے والے واقعات کے بعد، دونوں ملکوں کے اعلی فوجی عہدیداروں کے درمیان بدھ کو بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا ۔ اس سے پہلے دونوں ملکوں کے بریگیڈ کمانڈروں کی سطح پر پیر اور منگل کو بھی مذاکرات انجام پا چکے ہیں۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق اب تک کے مذاکرات میں اختلاف کے حل میں کسی پیشرفت کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہندوستانی وزارت داخلہ نے چین، نیپال اور بھوٹان کی سرحدوں پر تعینات سلامتی دستوں کو پوری طرح چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔ ہندوستان تبت سرحدی پولیس کو اترا کھنڈ، ارونا چل پردیش ، لداخ اور سکم میں جبکہ بارڈر سیکورٹی فورس کو نیپال اور بھوٹان کی سرحد پر نگرانی سخت تر کردینے کا حکم دیا گیا ہے۔
چین نے گزشتہ ہفتے بیگونگ جھیل کے جنوبی کنارے کے نزدیک چینی فوج پر ہندوستانی سرحدوں میں در اندازی کا الزام لگایا ہے لیکن چین نے ہندوستان کے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ چین کا کہنا ہے کہ جن سرگرمیوں کو ہندوستان نے دراندازی کہا ہے وہ چینی فوج کی اپنے علاقے میں معمول کی سرگرمیاں ہیں ۔ ہندوستان نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے دراندازی کرنے پر اس نے چند چینی فوجیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔