Sep ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • ہند چین سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش

ہند چین سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے ماسکو میں ملاقات کی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور چینی وزیر دفاع وی فونگ خے کی یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء دفاع کی کانفرنس کی سائیڈلائن پر ہوئی جس میں سرحد پر جاری کشیدگی کم کرنے کے لئے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس درمیان ہندوستان کے آرمی چیف جنرل منوج مُکُنڈ نراونے نے مغربی ہمالیہ میں ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود کہا کہ چین کے ساتھ سرحد پر جاری تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع نے 'رائٹرز' نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہندوستان کے آرمی چیف جنرل منوج کا کہنا تھا کہ انہیں اطمینان ہے کہ چین کے ساتھ جاری تنازعہ مذاکرات سے حل ہو جائے گا۔ لداخ کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں یقین ہے کہ مسائل کو مکمل طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

ہندوستان کے آرمی چیف نے کہا کہ 'لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے حالات کسی حد تک کشیدہ ہیں' اور ہندوستان نے متعدد علاقوں میں چین کی کسی بھی سرگرمی کو روکنے کے لیے اضافی فوجی تعینات کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چار مہینوں سے ہندوستان اور چین کے مابین لداخ سرحد پر کشیدگی کا ماحول ہے اور کئی بار چھٹ پڑ جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں جس میں اب تک طرفین کے دسیوں فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہندوستان سرحد پر ہونے والی کشیدگی کے لئے چین کو مورد الزام ٹھہراتا ہے اور اس کا ماننا ہے کہ چین اپنی فوج کو لداخ کے برفانی علاقے سے دور رکھنے کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ چین کا کہنا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی وہ نہیں بلکہ ہندوستان کر رہا ہے۔

ٹیگس