ہندوستانی اور چینی افواج کے مابین فائرنگ
جموں کشمیر کے لداخ میں ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ایل اے سی پر کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ہی 45 سال میں پہلی بار ہندوستانی اور چینی افواج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
پیر کی شب پینگانگ تسو جھیل پر لائن آف ایکچول کنٹرول کے پاس ہندستان اور چین کی فوجیوں میں گولی باری کا واقعہ رونما ہوا۔
چین کی سرکاری میڈیا گلوبل ٹائمز نے ہندوستانی افواج پر پینگانگ تسو کے جنوبی کنارے پر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ ہندوستانی فوج سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی طرف سے ہندوستانی خطے میں پہلے فائرنگ کی گئی جس کے بعد ہندوستان کی طرف سے جوابی کارروائی ہوئی۔
فی الحال صورت حال کنٹرول میں ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 1975 کے بعد سرحد پر ہندوستان اور چین کی افواج کے درمیان اس طرح سے پہلی بار فائرنگ ہوئی ہے۔
لائن آف ایکچول کنٹرول کے پاس دونوں ملکوں کی فوج کے مابین طویل عرصے سے کشیدگی برقرار ہے۔ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان 5 جون کو گلوان وادی میں بڑی پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی جس میں ہندوستان کے 20 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔