ہندوستان میں کورونا کا زور، مرکزی وزیر بھی مبتلا
ہندوستان میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ اس جان لیوا وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس ملک کے مرکزی وزیر بھی اب اس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ نتن گڈکری نے بدھ کی دیر رات خود یہ اطلاع دی کہ وہ کورونا پازیٹیو ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ کل میں کمزوری محسوس کر رہا تھا۔ میں نے ڈاکٹر سے مشورہ کیا اور ٹیسٹ کرانے پر کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد سے میں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔
اس سے قبل بھی نریندر مودی حکومت کے کئی وزیر کورونا سے زد میں آچکے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے علاوہ دھرمیندر پردھان، گجیندر سنگھ شیخاوت، شری پد یسو نائک اور ارجن رام میگھوال کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے آج بروز جمعرات جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک ہزار 132 افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاک شدگان کی تعداد 83 ہزار198 ہوگئی۔
اسی عرصہ کے دوران ہندوستان میں کورونا وائرس کے مزید 97 ہزار 894 نئے کیسز سے متاثرین کی مجموعی تعداد 51 لاکھ 18 ہزار253 ہوگئی تاہم کورونا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا سے مزید 82 ہزار 719 افراد کے صحت یاب ہونے سے شفا پانے والوں کی مجموعی تعداد 40 لاکھ 25 ہزار79 ہو گئی ۔