Sep ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۲:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کا زور، ایک دن میں 89 ہزار افراد مبتلا

ہندوستان میں کورونا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 89 ہزار افراد مبتلا ہو گئے۔

ہندوستانی میڈیا کی آج اتوار کے روز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز ہر روز بڑی تعداد میں سامنے آ رہے ہیں اور صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 88 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 59 لاکھ 92 ہزار 532 ہوگئی ہے۔

اس دوران 92 ہزار 43 مریض صحت مند ہوچکے ہیں، اس کے ساتھ ہی کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد 49 لاکھ 41 ہزار627 ہوگئی ہے۔ جبکہ اس موذی وائرس سے ایک ہزار 124 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 94 ہزار503 ہو گئی ہے جس کے باعث ہندوستان دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

ہندوستان میں کورونا نمونوں کی جانچ کی رفتار میں تیزی لائے جانے سے گزشتہ 9 دنوں میں عالمی وباکووڈ 19 کے ایک کروڑ ٹیسٹ سے تجاوز کر گئی ہے ۔

 انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے کل بروز ہفتہ جاری اعداد و شمار کے مطابق 25 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے 13 لاکھ 41 ہزار 535 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا اور مجموعی تعداد 7 کروڑ 2 لاکھ 69 ہزار 975 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 24 ستمبر کو ایک دن میں ریکارڈ 14 لاکھ 92 ہزار 409 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا۔

ٹیگس