ہندوستان، ایک دن میں تیسری مرتبہ 14 لاکھ سے زائد ٹیسٹ
ہندوستان میں کورونا کی روک تھام کے لئے زیادہ سے زیادہ جانچ کرکے متاثرہ افراد کا پتہ لگانے کی مہم میں 21 اکتوبر کو جانچ کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 86 لاکھ سے تجاوز کر گئی اور ایک دن میں تیسری مرتبہ 14 لاکھ سے زائد نمونوں کی جانچ کی گئی۔
ہندوستانی میڈیا نےانڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے آج جمعرات 22 اکتوبر کو جاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں 21 اکتوبر تک کورونا وائرس کے نمونوں کی مجموعی جانچ کا ہندسہ 9 کروڑ 86 لاکھ 70 ہزار 363 تک پہنچ گیا۔ اس میں سے 14 لاکھ 69 ہزار 984 نمونوں کی جانچ 21 اکتوبر کو کی گئی تھی ۔
اکتوبر کے مہینے میں یہ دوسرا موقع ہے جب ایک دن میں 14 لاکھ سے زیادہ جانچ ہوئی ۔ اس سے قبل یکم اکتوبر کے اعداد و شمار میں 14 لاکھ 23 ہزار 52 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی ۔
کورونا وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہندوستان میں یومیہ اس کی زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کی مہم میں 24 ستمبر کو ایک دن میں 14 لاکھ 92 ہزار 409 نمونوں کی ریکارڈ جانچ کی گئی تھی ۔