Dec ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • نریندر مودی نے حکومت کے نئے زرعی قوانین کا دفاع کیا

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر اپنا یہ الزام دوہرایا ہے کہ حزب اختلاف نے کسانوں کو گمراہ کیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کو مدھیہ پردیش کے کسان مہا سمیلن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

انہوں نے اپنی پچاس منٹ کی تقریر میں نئے زرعی قوانین کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں قوانین چھے سات ماہ سے نافذ ہیں لیکن نہ منڈیاں بند ہوئیں، نہ کم سے کم سہارا قیمت ایم ایس پی پر زرعی پیداواروں کی خریداری بند ہوئی اور نہ ہی کسانوں کی زمینوں کو کوئی خطرہ لاحق ہوا۔

نریندر مودی نے ایک بار پھر اپنا یہ الزام دوہرایا کہ نئے زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلانے والے کسان بقول ان کے حزب اختلاف کے بہکانے اور ورغلانے میں آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں مسلسل کسانوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ جو زرعی قوانین انھوں نے نافذ کئے ہیں انہیں پچیس تیس سال پہلے ہی نافذ ہو جانا چاہئے تھا۔ ہندوستان کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جو زرعی اصلاحات انہوں نے نافذ کی ہیں ان کا وعدہ حزب اختلاف اپنی انتخابی تقاریر اور منشور میں کرتی رہی لیکن نافذ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کو مذکورہ زرعی اصلاحات سے کوئی تکلیف نہیں ہے بلکہ انہیں تکلیف اس بات کی ہے کہ یہ کام مودی نے کر دیا۔

ٹیگس