کسانوں سے نریندر مودی کا خطاب
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر کسانوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے حکومت کی آمادگی اور نئے زرعی قوانین کو حقایق کی بنیاد پر پرکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر موردی نے جمعے کو ’’پردھان منتری کرشی سمان ندھی یوجنا‘‘ نامی منصوبے کے تحت کسانوں کے بینک کھاتوں میں اٹھارہ ہزار کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے کسانوں سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کے ساتھ، ان کے مفاد میں اور حقائق کی بنیاد پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔ نریندر مودی نے کسانوں کو ان داتا قرار دیتے دعویٰ کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کی ترقی کے لئے وقف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی ترقی سے خود کفیل ہندوستان کی تعمیر ہوگی۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپنے اس خطاب میں حزب اختلاف کی جماعتوں پر ایک بار پھر کسانوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے مختلف سیاسی جماعتیں زرعی اصلاحات کے قوانین کے حق میں تھیں لیکن آج وہ پیچھے ہٹ گئیں اور سیاسی محرکات کے تحت کسانوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔
نریندر مودی کی اس تقریر کے جواب میں کانگریس پارٹی نے اٹھارہ ہزار کروڑ روپے کی منتقلی کے اعلان کوکسان مخالف تینوں قوانین سے پیدا ہونے والے غصے کو ٹھنڈا کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے شعبۂ مواصلات کے سربراہ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ نریندر مودی حزب اختلاف پر کسانوں کو منحرف کرنے کا الزام لگاتے ہیں لیکن آج کی اپنی تقریر سے انہوں نے خود ملک کے عوام کو منحرف کرنے کی کوشش کی ہے۔