ہندوستانی کسانوں نے کی وزیراعظم کے من کی بات کی مخالفت
ہندوستان میں کسانوں اور حکومت کے مابین ڈیڈ لاک بدستور برقرار ہے۔
حکومت کے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف دارالحکومت کے سنگھو بارڈرپراحتجاج کر رہےکسانوں نے اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے من کی بات پروگرام کے دوران تالی اور تھالی بجا کر احتجاج کیا۔
ہندوستان میں نئے زرعی قوانین کی مخالفت کر رہے کسانوں نے کل ہی اعلان کیا تھا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے من کی بات کی مخالفت کریں گے۔
در ایں اثناء کانگریس نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ریڈیو پر نشر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں ایک ماہ سے تحریک چلانے والے کسانوں کی بابت کچھ نہیں کہا اور ان کی یہ خاموشی حیران کُن ہے پنجاب کانگریس کے رہنما اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رونیت سنگھ بِٹّو، جسویر سنگھ گِل اور پنجاب اسمبلی میں پارٹی کے رکن کُلبیر سنگھ زیرا نے اتوار کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ مسٹرمودی نے ماحولیات، جنگلات اور آوارہ جانوروں کی بات کی لیکن جو کسان سخت سردی میں تحریک چلا رہے ہیں ان کے بارے میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔
واضح رہے کہ کسان تحریک کا آج 33 واں دن ہے اور حکومت اور کسانوں میں ڈیڈ لاک بدستور برقرار ہے۔