Jan ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran
  • ٹریکٹر ریلی 26 جنوری کو ضرور ہوگی: کسان تنظیموں کا اعلان

کسان تنظیموں اور حکومت کے مابین جمعہ کے روز 11 ویں دور کی میٹنگ فریقین کے اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کے سبب بے نتیجہ رہی جس کے بعد حکومت نے اگلی میٹنگ کی کوئی تاریخ متعین نہیں کی۔

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹیکَیت نے صحافیوں سے کہا کہ آج کی میٹنگ میں حکومت نے تینوں زرعی اصلاحاتی قوانین کو ایک سے ڈیڑھ برس تک ملتوی کرنے کی تجویز پر زور دیا اور کہا کہ اگر کسان تنظیم اس تجویز کو قبول کرنے کو تیار ہوں تو اگلے دور کی بات چیت ہو سکتی ہے۔ مسٹر ٹیکَیت نے کہا کہ 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی ضرور ہوگی۔

دوسری جانب کانگریس کمیٹی نے زرعی قانون کے خاتمے اور قومی سلامتی پر جے پی سی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اورمیڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ورکنگ کمیٹی میں تین قراردادیں منظور کی گئیں اور کہا کہ کسانوں کے مفاد میں حکومت کو فوری طور پر تینوں زراعت مخالف قوانین کو واپس لینا چاہئے اور دہلی کی سرحدوں پر دو ماہ سے جاری کسان تحریک کو ختم کرنا چاہئے۔

ٹیگس