کسانوں پر ہندوستانی پولیس کا تشدد۔ ویڈیو
ہندوستان میں ۲۶ جنوری کو جہاں یوم جمہوریہ کی رنگ برنگی تقریبات کا اہتمام پورے زور و شور سے ہوا وہیں کسانوں نے بھی دارالحکومت نئی دہلی میں پورے جوش ولولے کے ساتھ اپنی ٹریکٹر ریلی نکالی تاہم ریلی کے دوران پرتشدد اور ناخوشگوار واقعات بھی خوب پیش آئے۔
باوجود اس کے کہ کسانوں نے ۲۶ جنوری یوم جمہوریہ کے موقع پر نئی دہلی میں ٹریکٹر ریلی نکالنے کی اجازت انتظامیہ اور پولیس سے لے لی تھی، تاہم انہیں اپنے راستے میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث کسانوں اور پولیس کے مابین پر تشدد جھڑپیں ہوئیں جن میں پولیس اہلکاروں سمیت ڈیرھ سو سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔
پولیس کا الزام ہے کہ کسانوں نے بعض علاقوں میں طے شدہ راستوں سے الگ ہٹ کے ریلی نکالنے کی کوشش کی جس کے سبب جھڑپوں اور تشدد کے واقعات نے جنم لیا۔ جبکہ کسانوں کا کہنا ہے کہ ریلی کو روکنے کے لئے حکومت نے خوب رکاوٹیں کھڑی کیں، حتیٰ راستے میں پیٹرول پمپ والوں نے انہیں تیل دینے سے بھی گریز کیا جس کے باعث انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور حکومت کے یہی اقدامات اشتعال انگیزی کا سبب بنے۔