Feb ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۲ Asia/Tehran
  • پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی مضبوط کامیابی

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کو ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ہندوستان کے شہر چنئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان جوئے روٹ کی ڈبل سینچری کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم پانچ سو اٹھتر رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اوپنر ڈوم سبلی نے ستاسی اور بین اسٹوکس نے بیاسی رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمرا اور ایشون نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشانت شرما اور شہباز ندیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہندوستان نے اپنی اننگ شروع کی تو اسے شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں۔ پجارا اور ریشبھ پنت نے ٹیم کو کسی حد تک سہارا دیا اور بالترتیب تہتر اور اکانوے رنز بنائے جس کے بعد واشنگٹن سندر نے پچاسی رن بنا کر ٹیم کے ٹوٹل اسکور میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔

ہندوستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں تین سو سینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اس طرح انگلینڈ کو ہندوستان پر دو سو اکتالیس رن کی برتری حاصل ہو گئی۔ لیکن اس نے ہندوستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم صرف ایک سو اٹھتر رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ہندوستان کو میچ جیتنے کے لیے چار سو بیس رنز کا ہدف ملا لیکن ہندوستان کی پوری ٹیم دوسری اننگ میں ایک سو بانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ویرات کوہلی بہتر رن اور شبھمن گل پچاس رنز کے علاوہ کوئی بھی ہندوستانی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ اس طرح انگلینڈ نے یہ میچ دو سو ستائیس رنوں سے جیت لیا۔ جوئے روٹ کو ڈبل سینچری بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

ٹیگس