ہندوستان و افغانستان کے تعلقات اور فریقین کے درمیان تعاون
افغانستان کے صدر اور ہندوستان کے وزیر اعظم نے شاہ توت ڈیم کی تعمیر کے بارے میں سمجھوتے پر دستخط کی تقریب میں افغانستان میں قیام امن کے لئے دونوں ملکوں کے عزم پر بھرپور زور دیا۔
افغانستان کی آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محمد اشرف غنی نے اس آنلائن تقریب میں کہا کہ افغان عوام اور سیکورٹی فورس دہشت گردی کے خلاف مہم میں فرنٹ لائن پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ و بدامنی کا مذاکرات کے ذریعے خاتمہ کیا جا سکتا ہے اور عالمی برادری کو چاہئے کہ افغانستان میں قیام امن کے عمل کی حمایت کریں۔
اس آنلائن تقریب میں نریندر مودی نے بھی کہا کہ ہندوستان اور افغانستان علاقے سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں افغانستان کی ترقی اور ہندوستان سے اس ملک کی دوستی ختم نہیں کرا سکیں گی۔
واضح رہے کہ شاہ توت ڈیم للندر کے علاقے میں کابل نہر پر بنایا جا رہا ہے جس سے کابل کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی اور زرعی اراضی کی سینچائی میں مدد ملے گی۔