سی اے اے کو کبھی بھی نافذ نہیں ہونے دیں گے، راہل گاندھی
ہندوستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ سی اے اے کو ہم کسی بھی صورت میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ریاست آسام میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم کا آغاز آسام کے علاقے شیوساگر سے کیا - انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ غیر قانونی مہاجرت ایک مسئلہ ضرور ہے لیکن آسام کے لوگوں میں یہ توانائی پائی جاتی ہے کہ وہ اس مسئلے کو خود حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسام کو نقصان ہوگا تو پورے ملک کو نقصان ہوگا انہوں نے بہت ہی واضح الفاظ میں کہا کہ خواہ کچھ بھی ہوجائے سی اے اے کبھی نہیں نافذ ہوگا۔
راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ کا نام لئے بغیر کہا کہ "ہم دو، ہمارے دو" والے لوگ سن لیں کہ سی اے اے کبھی نہیں نافذ ہوگا - راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس غریبوں اور مزدوروں کی پارٹی ہے اور نفرت پھیلانے کا جو کھیل چل رہا ہے اس کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریموٹ سے ٹیلی ویژن تو چل سکتا ہے لیکن آسام کو نہیں چلایا جاسکتا -
واضح رہے کہ آئندہ چند مہینے میں ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ بھی دو بار اس ریاست کا دورہ کرچکےہیں -