بندروں کے حملے میں ایک نوزائیدہ بچی جاں بحق
ہندوستان میں بندروں کے ایک گروہ نے گھر سے دو نوزائیدہ جڑواں بہنوں کو اٹھا کرکے ان میں سے ایک کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔
ڈیلی اسٹار کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو کے شہر تھانجاور میں پیش آیا ہے۔ ان جڑواں بہنوں کی عمر ابھی آٹھ دن کی تھی۔
بندروں کے ایک گروہ نے انہیں ان کے گھر سے اٹھایا اور گھروں کی چھتوں کے اوپر سے انہیں دور لیجانے کی کوشش کی۔اطلاعات کے مطابق والدین کو جب اپنی بچیوں کے گم ہونے کا علم ہوا تو انہوں نے تلاش شروع کی۔ ایک بچی چند گھروں کے فاصلے پر بندروں سے ایک گھر کی چھت پر گر گئی اور وہاں سے والدین کو مل گئی۔ تاہم دوسری بچی کی لاش کچھ فاصلے پر ایک گڑھے سے برآمد ہوئی۔
بچیوں کی ماں کا کہنا تھا کہ بندروں نے اُس وقت بچیوں کو اٹھایا جب وہ گھر میں سو رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے بندروں کو بچیوں کو اٹھاتے نہیں دیکھا تاہم بندر چھت پر کافی دیر سے شور مچاتے رہے تھے، کافی دیر بعد میں بچیوں کو دیکھنے گئی تو وہ اپنی جگہ پر موجود نہیں تھیں۔ اس پر میں نے اپنے ہمسایوں کو بلایا اور ہم نے بچیوں کی تلاش شروع کی۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں بندروں کی بہتات ہے اور گاہے بگاہے اس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔