دہلی میں نشانہ بازی کے بین الاقوامی مقابلے
نئی دہلی میں جاری انٹرنیشنل رائفل اینڈ پسٹل شوٹنگ مقابلوں کے خواتین کے شعبے میں اتوار کو ہندوستان نے پہلا سونے کا طمغہ حاصل کیا ۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن شوٹنگ مقابلوں کے خواتین کے سیکشن میں یشسونی دیشوال نے ہندوستان کے لئے سونے کا پہلا طمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے یہ طمغہ، ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری دس میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں حاصل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خواتین کے دس میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ مقابلے میں یشسونی دیشوال ابھی تک پہلی پوزیشن پر ہیں۔
اس مقابلے میں ہندوستان کی ہی منوبھاکر نے دوسری پوزیشن اور چاندی کا طمغہ اور بیلاروس کی وکٹوریا چائیکھا نے تیسری پوزیشن اور کانسی کا طمغہ حاصل کیا ہے۔
ہندوستان نے نئی دہلی میں جاری انٹرنیشنل رائفل اینڈ پسٹل شوٹنگ مقابلوں میں اس کے علاوہ تین اور طمغے حاصل کئے ہیں ۔
مردوں کی دس میٹر رائفل شوٹنگ میں دویانشو سنگھ پنوار نے کانسی، سوربھ چودھری نے مردوں کی دس میٹر پسٹل شوٹنگ میں چاندی اور دس میٹر پسٹل شوٹنگ مقابلے میں ہی ابھیشیک ورما نے کانسی کے طمغے حاصل کئے۔
یاد رہے کہ مردوں کی دس میٹر رائفل شوٹنگ مقابلے میں ایران کے جواد فروغی نے سونے کا طمغہ حاصل کیا ہے۔