May ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا خوفناک شکل اختیار کر گیا

ہندوستان میں کورونا کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور دن بدن خوفناک شکل اختیار کر رہا ہے۔

ہندوستان میں کورونا کے حملے مزید تیز ہو گئے، ایک روز میں 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے جبکہ جان لیوا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 689 افراد کے ہلاک ہو جانے کے بعد اس ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار542 ہو گئی۔ ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد تینتس لاکھ انچاس ہزار چھے سو چوالیس ہوگئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا کے نئے متاثرین کی شرح 18.24 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہو گئی، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کے لیے آکسیجن اور ادویات کا انتظام کررہے ہیں۔ دلی میں مسلمانوں نے کورونا ہسپتال بنا لیا جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔

مختلف علاقوں سے سو ٹن سے زائد آکسیجن کے ٹینکر ریل کے ذریعے دلی پہنچائے گئے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کے بٹرا اسپتال میں سنیچر کی شام بارہ مریض آکسیجن کی کمی کی وجہ سے موت سے ہمکنار ہوگئے تھے۔ ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس سی ایل گپتا نے اس سلسلے میں کہا ’’ہم نے آکسیجن سلنڈر کا بندوبست کرنے کی کوشش کی ، لیکن مریضوں کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ مرنے والوں میں اسپتال کے ایک ڈاکٹر آر کے ہمتھانی بھی شامل ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب دہلی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریضوں کی موت ہوئی ہے۔

اس سے قبل سر گنگا رام اور جے پور گولڈن اسپتال میں بھی آکسیجن کی کمی سے کم از کم پینتالیس مریضوں کی موت ہوچکی ہے ۔واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے دہلی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

کورونا کے بڑھتی وبا کی وجہ سے اسپتالوں میں جگہ نہیں ہے اور زندگی بچانے والی آکسیجن کی کافی قلت ہے۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتے کی شام کہا تھا کہ دارالحکومت میں آکسیجن کی بہت زیادہ کمی ہونے کے سبب اسپتالوں میں ہاہاکار مچی ہوئی ہے۔مسٹر کیجریوال نے سرسوتی وہار پالی کلینک کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ چاروں طرف، اسپتالوں سے ایس او ایس کال آرہے ہیں کہ اس اسپتال میں آکسیجن ختم ہو گئی ہے، اس میں نصف گھنٹے کی آکسیجن بچ گئی ہے۔  بہت زیادہ مشکل حالات پیدا ہوتے جارہے ہیں۔

 دنیا کے مختلف ملکوں سے ہندوستان کے لئے آکسیجن اور طبی امداد پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ ایران بھی ہندوستان کے لئے آکسیجن، وینٹیلیٹر مشینوں اور دیگر طبی وسائل پر مشتمل تیس ٹن طبی امداد بھیج رہا ہے۔

ٹیگس