ہندوستان، ایک مہینے میں سترھویں بار پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھیں
ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دو دن کے وقفے کے بعد ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے منگل کو اپنی ویب سائٹ پر ملک کے چار بڑے میٹرو شہروں میں پیٹرول کی قیمت میں چھبیس پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں چوبیس پیسے فی لیٹر اضافے کی خبر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں منگل کو پیٹرول چھبیس پیسے کے اضافے کے ساتھ چورانوے روپے انچاس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل تیئس پیسے کے اضافے کے ساتھ پچاسی روپے اڑتیس پیسے فی لیٹر کی قیمت پر فروخت ہوا۔ ممبئی میں پیٹرول پچیس پیسے کے اضافے کے ساتھ سو روپے بہتر پیسے، کولکتہ میں پچیس پیسے کے اضافے کے ساتھ چورانوے روپے پچاس پیسے اور چنئی میں تیئس پیسے کے اضافے کے ساتھ پچانوے روپے ننانوے پیسے فی لیٹر پر فروخت ہوا۔
ممبئی میں ڈیزل کی قیمت میں چوبیس پیسے کولکتہ میں تیئس پیسے اور چنئی میں بائیس پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا اور ان شہروں میں ڈیزل بالترتیب، بانوے روپے باسٹھ پیسے اٹھاسی روپے تیئس پیسے اور نوے روپے بارہ پیسے فی لیٹر فروخت ہوا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں ایک مہینے کے اندر سترھویں بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ۔