ہندوستان میں سنیچر کو کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں کمی لیکن اموات میں اضافہ
ہندوستان میں سنیچر کو کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں کمی لیکن اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستانی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے ایک لاکھ تیرہ ہزار سات سو انہتر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے یومیہ اموات میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے تین ہزار تین سو اسّی اموات کا اندراج کیا گیا جبکہ یہ تعداد گزشتہ چند روز سے تین ہزار سے کم ریکارڈ کی جارہی تھی۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک لاکھ ستانوے ہزار آٹھ سو چورانوے کورونا کے مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکے پندرہ لاکھ پچپن ہزار دو سو اڑتالیس رہ گئی ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پانچ اعشاریہ چار دو فیصد، شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ تین آٹھ فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ دو صفر فیصد ہے۔
دوسری طرف اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے کورونا کی دوسری لہر کے تعلق سے مودی حکومت پر سخت ترین حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جب کورونا کی دوسری لہر کے مقابلے کی تیاری کا وقت تھا تو وزیر اعظم کورونا کی وبا پر اپنی جیت کا اعلان کرکے اپنا چہرہ چمکانے میں مصروف تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر آرہی تھی لیکن اسپتالوں میں بستر، آکسیجن بیڈ، آئی سی یو وارڈ اور وینٹی لیٹر کم کئے جارہے تھے۔انھوں نے کہا گزشتہ سال پارلیمنٹ کی صحت کمیٹی نے اسپتالوں میں بیڈ اور آکسیجن کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی سفارش کی تھی لیکن مودی حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔