دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کوختم کیا جائے: ہندوستان
ہندوستان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے لئے کوشش کی جانی چاہئیے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں تقریر کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جےشنکرنے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی(Terrorism) سمیت ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی اپنانے (Zero Tolerance Policy)کی اپیل کی۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان ، فوری طور پر تشدد کو کم کرنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے افغانستان میں مستقل اور جامع جنگ بندی چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے ذریعہ کسی دوسرے ملک کو دھمکی دینے یا حملہ کرنے کے لئے استعمال نہیں کی جائے گی۔ دہشت گرد تنظیموں کو امداد ، مالی مدد اور دیگر مواد فراہم کرنے والوں کو اس کا جوابدہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انٹرا افغان مذاکرات افغانستان میں جاری تشدد کو کم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
ہندوستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ اس لئے ضروری ہے کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل مستقل اور جامع جنگ بندی کے لئے کوشش کریں تاکہ تشدد میں فوری کمی واقع ہو اور عام شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کے لئے یہ بات بہت اہم ہے کہ مذاکرات میں شامل فریقین کو اچھے جذبے کے ساتھ اس میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان فریقین کے مابین سیاسی حل اور افغانستان میں مستقل جنگ بندی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے۔