جموں ایر پورٹ زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جموں ایرپورٹ کے ٹیکنیکل علاقہ میں اتوار کی نصف شب کے دوران 2 دھماکے ہوئے جس کے بعد اتوار کی صبح جموں ایر پورٹ کے ٹیکنیکل علاقے میں ہلچل دیکھی گئی ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جموں ایر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایریا میں کل رات پانچ منٹ کے وقفے کے اندر دو زوردار دھماکے ہوئے جن کی وجہ سے ایر فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہائی سکیورٹی والے جموں ایر فورس اسٹیشن میں دھماکوں کے بعد اس ایر پورٹ اور دیگر اہم ترین تنصیبات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلا دھماکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قریب ایک بجکر 45 منٹ پر ایک عمارت کی چھت پر ہوا جبکہ پانچ منٹ سے بھی کم وقت کے بعد ایک اور دھماکہ کھلے میدان میں ہوا۔ اس رپورٹ کے مطابق دھماکوں سے ایک عمارت کو نقصان پہنچا اور ایر فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کی شناخت ارونگ سنگھ اور ایس کے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
انڈین ایر فورس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا ہے کیہ جموں ایر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایریا میں اتوار کی علی الصبح کم شدت والے دو دھماکے ہوئے۔ ایک دھماکے کی وجہ سے ایک عمارت کی چھت کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ دوسرا دھماکہ ایک کھلے میدان میں ہوا اور ساز و سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھماکے ڈرونز کے استعمال سے کئے گئے ہیں۔ ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے معاملے پر فضائیہ کے نائب سربراہ ایر مارشل ایچ ایس اروڑہ سے بات کی ہے۔ ایئر مارشل اروڑہ از خود جموں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔