کشمیر میں 2 عسکریت پسند جاں بحق
سرینگر کے مضافاتی علاقہ مالورہ میں ایک شبانہ مسلح جھڑپ کے دوران دو عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ہمار ے نمائندے نے بتایا ہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے مالورہ میں پیر اور منگل کی رات ہونے والی جھڑپ میں دو مسلح علیحدگی پسند مارے گئے جن میں ابرار ندیم نامی لشکر طیبہ کا ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جموں و کشمیر کی پولیس نے پیر کو ابرار ندیم کی گرفتاری کا دعوی کیا تھا۔ جموں و کشمیر پولیس نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ مالورہ جھڑپ میں بقول اس کے ایک پاکستانی جنگجو اور لشکر طیبہ کا ایک کمانڈر مارا گیا۔
جموں و کشمیر پولیس نے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
جموں و کشمیر سے متعلق ایک خبر یہ بھی ہے کہ ہندوستان کی مرکزی وزارت داخلہ نے چند روز قبل جموں ایئر فورس اسٹیشن پر ہونے والے ڈرون حملے کی تحقیقات کا کام قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کی رات اپنی نوعیت کے پہلے حملے میں جموں ایئر فورس اسٹیشن پر ایک ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں فضائیہ کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔