ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے ہنگامے
ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن اراکین کے ہنگاموں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن کے اراکین پارلیمان نے پیگاسس جاسوسی اسکینڈل ، مہنگائی اور نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کا مسئلہ اٹھایا ۔ حزب اختلاف کے اراکین کے ہنگامے اور نعرے بازی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی معمول کے مطابق نہ چل سکی ۔ادھر پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی حزب اختلاف کے اراکین نے پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کا مسئلہ اٹھایا اور کافی شوروغل کیا۔
ہندوستان میں حزب اختلاف کے اراکین پارلیمان پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کو بہت ہی سنگین مسئلہ قرار دے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ پیگاسس جاسوسی اسکینڈل نے قومی سیکورٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ منگل کو ہندوستانی سپریم کورٹ میں پیگاسس جاسوسی کے معاملے کی خصوصی تفتیش کی اپیل پر سماعت ہوئی ۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اگلی سماعت کے لئے سولہ اگست کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان کی عدالت عظمی نے اسی کے ساتھ درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے کہ اس کیس میں عدالت سے باہر متوازی دلائل سے گریز کیا جائے ۔